بھارتی اداکار کا معاوضے کیلئے جنازے میں شرکت کا اعتراف

بالی ووڈ کے مشہور کامیڈی اداکار چنکی پانڈے نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پیسوں کے عوض آخری رسومات میں شرکت کی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چنکی پانڈے نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اعتراف کیا کہ وہ ماضی میں پیسوں کے عوض سفید کپڑے پہن کر جنازے میں شریک ہوئے تھے تاہم انہیں اس کا علم آخری رسومات کے مقام پر پہنچنے کے بعد ہوا۔چنکی پانڈے نے گفتگو کے دوران بتایا کہ 'میرے کیرئیر کے آغاز میں میری آمدنی کا ذریعہ تقریبات میں شرکت کرنا تھا جس کے لیے میرا بیگ تیار تھا تاکہ کوئی مجھے بلائے اور میں بھاگ جاؤں، چاہے وہ شادی کی تقریب ہو، ایک سالگرہ یا بچے کی پیدائش کی تقریب۔چنکی پانڈے نے کہا کہ 'ایک بار مجھے آرگنائزر کا فون آیا اور اس نے پوچھا، 'آپ آج کیا کر رہے ہیں؟' میں نے اس سے کہا، 'میں شوٹنگ کے لیے جا رہا ہوں۔' جس کے بعد آرگنائزر نے مجھ سے شوٹنگ لوکیشن کے بارے میں پوچھا اور جب میں نے بتایا تو مجھے بتایا گیا کہ راستے میں ایک چھوٹی سی جگہ ہے جہاں اگر میں 10 منٹ کے لیے آؤں تو مجھے اس کے پیسے مل جائیں گے لیکن مجھے سفید لباس پہن کر آنا ہے۔ اس کے بعد میں بغیر کسی تاخیر کے سفید کپڑے پہنے مخصوص جگہ پر پہنچ گیا۔چنکی پانڈے نے بتایا کہ جب میں مخصوص جگہ پر پہنچا تو دیکھا کہ وہاں سفید کپڑے پہنے ہوئے بہت سے لوگ موجود ہیں۔ میں دھیمے قدموں سے اندر گیا، اس دوران لوگوں نے سرگوشی شروع کر دی کہ چنکی پانڈے آ گیا ہے۔چنکی پانڈے کے مطابق میں حیران رہ گیا، مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ یہ کیا ہو رہا ہے، جب میں نے اندر پہنچ کر جنازے کو دیکھا تو محسوس ہوا کہ کوئی انتقال کر گیا ہے، میں نے سوچا کہ شاید وہاں پہنچنے تک منتظم کا انتقال ہو چکا ہو گا، لیکن اسی لمحے میری نظر آرگنائزر پر پڑی، اس نے مجھے بلایا اور کہا، "فکر نہ کرو، میرے پاس تمہارے پیسوں کا پیکٹ ہے، لیکن متوفی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ  اگر آپ روئیں گے تو وہ آپ کو اور پیسے دیں گے‘۔