لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تاریخ میں کوئی انقلاب اتنی جلدی نہیں بھاگا جتنی جلد کل بھاگے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 9 مئی ہو یا 24 نومبر، ان کا احتجاج ناکام ہوا، پی ٹی آئی نے 5 بار احتجاج کی کال دی اور ہر بار ناکام ہوئی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں پنجاب سے لوگ باہر نہیں نکلے، بشریٰ بی بی گزشتہ رات احتجاج سےفرار ہوئیں، گزشتہ روز وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو کارکنوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز علی امین گنڈا پور کی گاڑی کو کارکنوں نے آگ لگا دی، کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، وہ کل میاں کی رہائی پر بضد تھیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ احتجاج کے دوران پنجاب پولیس کی 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، احتجاج میں پکڑے گئے افغان شہریوں کا ریکارڈ جلد سامنے آجائے گا، ان کے اپنے بچے باہر ہیں اور احتجاج کے دوران لوگوں کے بچوں کے لیے کھانا بھی دستیاب نہیں تھا۔









