معروف صحافی، میزبان، فلمساز اور پی ٹی آئی کی بانی کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اداکارہ ہانیہ عامر کو شادی نہ کرنے کا مشورہ دینے پر وضاحت دے دی۔حال ہی میں میزبان ایک پوڈ کاسٹ پر بطور مہمان نمودار ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف مسائل پر گفتگو کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اسی موقع پر انہوں نے ہانیہ عامر سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ماضی میں اداکارہ کو شادی نہ کرنے کے مشورے کی وضاحت کی۔ان کا کہنا تھا کہ میرے اس بیان کے بعد لوگوں نے مجھے بتایا کہ وہ خود بھی شادی کرتی رہتی ہیں اور ہانیہ کو شادی سے منع کر رہی ہیں لیکن میرا ماننا ہے کہ آپ کو شادی اسی وقت کرنی چاہیے جب آپ محسوس کریں کہ آپ کو زندگی میں کسی ساتھی کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ جیسے ہی کوئی لڑکی 20 یا 30 سال کی عمر کو پہنچتی ہے، اس کی حیاتیاتی گھڑی ٹک ٹک کرنے لگتی ہے، والدین کی طرف سے اس پر دباؤ اور پابندیاں شروع ہو جاتی ہیں،جس پر اکثر لڑکیاں یہ سوچتی ہیں کہ شادی کرلوں، شوہر کے پاس جاؤنگی تو آزادی مل جائیگی جبکہ ایسا نہیں ہوتا۔ریحام خان کا مزید کہنا تھا کہ میں جو مشورہ ہانیہ کو دے رہی ہوں وہی مشورہ میں اپنی بیٹیوں کو دے رہی ہوں کہ پہلے کیرئیر بنائیں، خود کو مضبوط بنائیں پھر شادی کا سوچیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لڑکی شادی تب کرے جب اسے ایسا لگے کہ ہاں سامنے والے شخص کے ساتھ آگے کی زندگی گزاری جاسکتی ہے۔










