اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کارکنوں سے کہا ہے کہ میں اپنی آخری سانس تک عمران خان کی رہائی کے لیے کھڑی رہوں گی، پٹھان قابل فخر قوم ہیں، مجھے امید ہے کہ وہ آخری دم تک ہمارا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ بشریٰ بی بی کی برہان انٹر چینج پر کنٹینر پر کھڑے ہوکر کارکنوں سے خطاب کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے بچے اور بھائی جب تک عمران خان ہمارے پاس نہیں آتے ہم یہ احتجاج ختم نہیں کریں گے، میں اپنی آخری سانس تک وہیں کھڑی رہوں گی، آپ لوگوں نے ہمارا ساتھ دینا ہے، چاہے کوئی ہمارا ساتھ نہ دے، میں کھڑی رہوں گی۔ "بشریٰ بی بی نے کہا کہ یہ صرف میرے شوہر کی بات نہیں، اس ملک اور اس ملک کے لیڈر کی بات ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ پٹھان قابل فخر قوم ہیں، آخری دم تک ہمارا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔یہ کہہ کر بشریٰ بی بی نے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر اپنی تقریر ختم کی۔










