پیٹرولیم قیمتوں پر حکومتی پالیسی بالکل غلط ہے، شاہد خاقان

کراچی:عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی کنوینر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر حکومتی پالیسی بالکل غلط ہے۔سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت دیگر رہنماؤں کے ساتھ گلشن اقبال کے اردو بازار گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر بات کرنا ضروری ہے  کیونکہ کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ پر ایک سیاسی جماعت 17 سال سے حکومت کر رہی ہے جبکہ صوبے کو اس کی آبادی کے لحاظ سے وسائل بھی ملتے ہیں، تاہم اس کے باوجود مسائل جوں کے توں ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے یاد دلایا کہ گلشن اقبال میں 20 سال قبل ایلیویٹڈ ٹرین کا منصوبہ بھی بنایا گیا تھا، مگر آج تک اس پر پیش رفت نہ ہو سکی۔ انہوں نے بی آر ٹی سڑک تاحال نہ بننے کو ایک معما قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کے ترقیاتی کام کا ٹھیکیدار بھی تبدیل کر دیا گیا ہے اور اگر حکومت ایک سڑک بھی نہیں بنا سکتی تو پھر کیا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں عوام کو پانی ٹینکرز کے ذریعے مل رہا ہے۔ اسی طرح  سندھ کے دیہی علاقوں کی صورتحال بھی ابتر ہے ۔ پورے صوبے کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہو چکا ہے۔ ان خرابیوں کو دور کرنے کے حل موجود ہیں ۔ حکومت وقت کو جواب دینا ہوگا کہ ہر شہری کو گھر میں پانی کب فراہم کیا جائے گا۔  شہروں  میں ہائیڈرنٹ اور ٹینکر مافیا موجود ہے۔ سندھ کے اسکول تباہ حال ہیں۔سابق وزیراعظم نے صنعتی علاقوں کے مسائل کو بھی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کا اثر پورے پاکستان پر پڑتا ہے۔