IMF محکموں کی گورننس درست کرنے کا کہہ رہا ہے: اعظم نذیر

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ ایف بی آر ریفارمز کا ایجنڈا وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے، آئی ایم ایف محکموں کی گورننس درست کرنے کا کہہ رہا ہے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل معاشی بحران سے گزر رہا ہے ، زبانی بات چیت کرنے سے معاملات حل نہیں ہوں گے، وزیر اعطم نے ایف بی آر میں اصلاحات کا بیڑہ اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے کہ محکموں کی گورننس کو درست کریں ،بجلی چوری اور ٹیکس چوری روکیں، بجلی چوری لائن لاسز سے عام آدمی پر بھاری بلوں کا بوجھ پڑتا ہے، ہم نے چار ہفتوں میں اصلاحات تیار کیں جنہیں پارلیمنٹ نے منظور کیا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس وقت 2700ارب کے مقدمات کمشنر لینڈ اینڈ ریونیواوراعلیٰ عدالتوں میں زیر التوا ہیں، ہم 50،50ارب کیلئے بہت مشکلات کے ساتھ گزارا کررہے ہیں، انکم ٹیکس نہ دینا اور کم ٹیکس دینا ہمارا مسئلہ ہے جس کی محکموں نے نشاندہی کرنی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو ٹیکس دے رہے سارا زور انہی پر آجاتا ہے، کابینہ میں بات چیت ہوئی ہے کہ ٹیکس کے نظام میں بہتری لانی ہے، جو پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں انہی پر بوجھ ڈال دیں تو یہ نہیں ہوگا، ہم جب ٹیکس کی صحیح کلیکشن کریں گے تو سب پر بوجھ کم آئے گا، پارلیمنٹ نے ٹیکس ٹریبونل سے متعلق پہلا قانون پاس کیا۔انہوں نے کہا کہ کسٹم سروس کے بڑے سکیل پر تبادلے ہوئے جو اوپر سے نیچے کی طرف جائیں گے، یہ تبادلے حکومت اور ایف بی آر کی ڈومین میں ہیں، لوگ ماضی میں اچھا کام کرتے آئے اور انہیں سائیڈ لائن رکھا گیا، پوسٹنگز ٹرانسفر میں سروس لازء بہت واضح ہیں۔اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ایسا ایکشن جو کسی کو بغیر پروسیڈنگز کے داغدار کرے وزیراعظم اس پر یقین نہیں رکھتے، پوسٹنگ ٹرانسفرز محکمے کی صوابدید ہوتی ہے، شکوک وشبہات کو دور کرنے کیلئے یہ ایکسر سائز شروع کی گئی۔