چلاس: مسافر بس کھائی میں جا گری، 20 افراد جاں بحق

چلاس کے مقام پر مسافر بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق، 21 شدید زخمی ہو گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق بس کو حادثہ چلاس کے علاقے شاہراہ قراقرم پر یشوکھل داس کے مقام پر پیش آیا جہاں راولپنڈی سے ہنزہ جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اچانک کھائی میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار تمام افراد شدید زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں 20 کے قریب مسافر دم توڑ گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، پولیس نے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔ترجمان وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے حادثے میں 20 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بس کو حادثہ یشوکھل داس کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا، بس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے، چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔