اسحاق ڈار کی نائب وزیراعظم تعیناتی کیخلاف درخواست پر دلائل طلب

 سندھ ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر درخواست گزار سے دلائل اور سپریم کورٹ کا حکم نامہ طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تعیناتی کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، وکیل درخواست گزار طارق منصور ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ آئین میں نائب وزیر اعظم کا کوئی عہدہ موجود نہیں، آئین کے آرٹیکل 90، 91 اور 99 میں ڈپٹی وزیر اعظم کے عہدے کی کوئی گنجائش نہیں۔وکیل درخواست گزار نے مزید کہا کہ درخواست کے مطابق وفاقی حکومت کے رولز آف بزنس 1973 میں بھی ایسی کوئی گنجائش نہیں، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں طے کردیا ہے کہ کابینہ صرف وزیر اعظم اور وفاقی وزراء پر مشتمل ہو گی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پرویز الہٰی بھی نائب وزیر اعظم تعینات ہوئے تھے جس پر طارق منصور ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ کے آرڈر بھی موجود ہیں۔بعد ازاں عدالت نے وکیل درخواستگزار سے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کا حکم نامہ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 مئی تک کیلئے ملتوی کر دی۔